پی ڈی ایم میں اکثر جماعتیں الیکشن کے حق میں جبکہ شہباز شریف راہ فرار کی تلاش میں ہیں ،چوہدری پرویزالہی

لاہور (نئی دنیا )تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں اکثر جماعتیں الیکشن کے حق میں ہیں ،شہباز شریف الیکشن سے فرار کی تلاش میں ہیں۔ سپریم کورٹ اور معزز ججوں پر الزم تراشی( ن) لیگ کا وطیرہ ہے، الیکشن کے سوا خوشحالی کا اور کوئی رستہ نہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت ایک تاریخ پر نہیں، اپنی مرضی کی تاریخ پر الیکشن چاہتی ہے۔ مذاکرات پر حکومت کی بدنیتی اور غیرسنجیدگی مکمل طور پر آشکار ہو چکی، مذاکرات کے بجائےحکومت فون ٹیپ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ملکی معیشت اور سیاست بچانے کے لیے دلیرانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلیک میلنگ سے حکومت عدلیہ سے مرضی کا فیصلہ حاصل نہیں کرسکتی، پنجاب میں (ن ) لیگ کی انتخابی پوزیشن صفر ہے۔سپریم کورٹ کے خلاف سازشیں نواز شریف کر رہے ہیں، وہ اپنی واپسی کی راہ میں سپریم کورٹ کو رکاوٹ سمجھتے ہیں، نواز شریف کی حکومتی بل کے ذریعے سپریم کورٹ کو غیر مؤثر کرنے کی سازش ناکام ہو چکی۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی نواز شریف کے اشارے پر سپریم کورٹ کے خلاف شعلے اگل رہے ہیں، پیپلز پارٹی پنجاب میں موجود ہی نہیں، پنجاب میں الیکشن پر آصف زرداری یا بلاول کی حمایت یا مخالفت سے فرق نہیں پڑے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں