سپریم کورٹ پیشی کیلئے پولیس عمران خان کو لے کر روانہ، سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

اسلام آباد (نئی دنیا) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پولیس سپریم کورٹ پیشی کیلئے لے کر روانہ ہو گئی، سپریم کورٹ کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد نے سپریم کورٹ کے باہر سکیورٹی کا جائزہ لیا، سپریم کورٹ نے عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ سب کو قانون پر عمل کرنا ہوگا، عدالتی دروازے سے لوگوں کو گرفتار کیا گیا توعدالت کون آئے گا؟ عمران خان کی آمد پر کارکن سپریم کورٹ نہ آئیں، ہم آج ہی حکم جاری کریں گے۔

دوران سماعت شعیب شاہین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایاگیا،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ وارنٹ کی قانونی حیثیت کا نہیں اس کی تعمیل جائزہ لیں گے۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے عمل کو سبوتاژ نہیں کیا جا سکتا،سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان پر حملہ ہوا اور سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی،عمران خان دہشتگردوں کے ریڈار پر تھے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ عدالت صرف انصاف تک رسائی کے حق کا جائزہ لے گی،سلمان صفدر نے کہاکہ گرفتاری کے وقت نیب کا تفتیشی افسر بھی موجود نہیں تھا،عمران خان کو ججز گیٹس سے پہنچایا گیا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ نیب کئی سال سے منتخب نمائندوں کے ساتھ یہ حرکتیں کررہا ہے،وقت آ گیا ہے کہ نیب کے یہ کام ختم ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں