سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بنی گالہ جانے کی اجازت نہ دی،پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم

اسلام آباد (نئی دنیا) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بنی گالہ جانے کی اجازت نہ دی، عدالت نے انہیں پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عمران خان نے استدعا کی کہ انہیں اپنے گھر بنی گالہ جانے کی اجازت دی جائے تاہم عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس نے قرار دیا کہ اب عمران خان کی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اس لیے عدالت جہاں کہے گی انہیں وہاں رکھا جائے گا، عمران خان اب سپریم کورٹ کی حفاظت میں ہیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ عمران خان کو پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں رکھا جائے، اس دوران ان کے وکلا اور رشتے داروں کو ان سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔ عدالت نے قرار دیا کہ 10 لوگ عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کرسکیں گے، اگر وہ ان کے ساتھ رات بھر رہنا چاہیں یا صبح تک رہنا چاہیں تو رہ سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کے کیس کی سماعت صبح 11 بجے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی اور اس وقت تک انہیں گیسٹ ہاؤس میں ہی رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں