فرانس (حمیدچوہدری سے)پاکستان تحریک انصاف فرانس کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے واقعات اور ان کے ردعمل پر تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن پر فرانس کے دارلحکومت پیرس میں احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا –
نکلو پاکستان کے لئے۔ کے عنوان سے ہونے والے اس مظاہرے میں سینکڑوں مردو خواتین نے شرکت کی – مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم – تحریک انصاف کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے -؛ مظاہرین پاکستان میں تحریک انصاف کے خلاف ہونے والی ریاستی کاروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے-
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے- ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ہورہا ہے –
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت بدترین ریاستی جبر کا شکار ہے- تحریک انصاف کی اعلی قیادت سے لیکر ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے- ان کا کہنا تھا کہ کہ 9 مئی کے واقعات ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں جن کا مقصد تحریک انصاف پر پابندی لگانا ہے –
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہےاس سے پہلے بھی انھیں قتل کرنے کی سازش کی جاچکی ہے – ان کا کہنا تھا کہ آج کا احتجاج پاکستان میں ہونے والی فسطائیت اور ظلم کے خلاف ہے- ہماری خواتین اور کارکنان کو گرفتار کر کے انھیں غائب کیا جارہا ہے – عوام پر ڈائیریکٹ گولی چلا کر انھیں موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے- ان کا کہنا تھا ہم اوورسیز پاکستانیوں کیلئے یہ سب کچھ بہت تشویشناک ہے-
کیونکہ پاکستان سے عحیب وغریب اور افسوسناک اطلاعات آرہی ہیں – ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پاکستانی عوام اور فوج کو آمنے سامنے لایا جارہا ہے – ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو الیکشن میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے وہ انتخابات سے فرار حاصل کررہی ہے – ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کو پامال کیا جارہا ہے –
مقررین نے سویلین مظاہرین پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کی شدید مذمت کی – ان کا کہنا تھا کہ جن شرپسند عناصر نے نو مئی کو توڑ پھوڑ کی اور فوجی مقامات پر آگ لگائی ان کی نشاندہی کرکے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے – ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بے گناہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے – گھروں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کیا جائے –
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور ملک کی معاشی حالت انتہائی تشویشناک ہے – اس کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات کا جلد از جلد انعقاد کرانا ہے-
مظاھرین وقتاً فوقتاً کون بچائے گا پاکستان۔ عمران خان عمران خان۔ امپورٹڈ حکومت نامنظور – ناجائز گرفتاریاں نامنظور – پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے