فرانس(حمید چوہدری سے)پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے زیراہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
مقررین نے بی بی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی سیاسی زندگی پرروشنی ڈالی، تقریب کے مہمان خصوصی سابق کوارڈینیٹر پیپلز پارٹی یورپ اور ٹکٹ ہولڈر این اے 162، پی پی 229 کامران یوسف گھمن تھے جنھوں نے کہا بی بی شہید کے دور میں پاکستان کا ہر ادارہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرہا تھا اور کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا ،انھوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور رہتی دنیا تک زندہ رہیں گی
دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم رہنما اور لیڈر تھیں جنھوں نے ہمیشہ جمہوری اور سیاسی اقدار کے مطابق امور کو انجام دیا اور دو مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دیا اور اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن کیا.
شرکاء نے کہا کہ آج کی سیاست میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریات کی اہم ضرورت ہے تاکہ میثاق جمہوریت پر عمل پیرا ہوکر تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں ملک کی بہتری کے لئے کام کریں. تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیاگیا تھا اس کے بعد قاضی مغیث لطیف نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی سٹیج سیکریٹری کے فرائض قاضی عامر لطیف نے ادا کئے۔مقررین میں سینئر رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی راناسعود، صوفی سرفراز، رضا ملک اور ملک اللہ یار نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ،تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔