لاہور(نئی دنیا)شہباز حکومت کا خاتمہ ،پاکستان تحریک انصاف نے آج یوم شکر و نجات منانے کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے تقریباً 16 ماہ کے اقتدار کے خاتمے پر پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکر منائے گی۔
پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کی نااہل حکومت کی تباہی، بدترین مہنگائی اور معیشت کی تباہی کا تفصیلی تجزیہ عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کور کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل پر عدالتی سماعت پر بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کو تحلیل کردیا تھا جس کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ اور حکومت بھی تحلیل کردی گئی تھی۔
12 اگست کو وزیراعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرکے اسے منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوا دیا۔ ایوان صدر کے مطابق صدر نے وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی، انہوں نے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت اسمبلی تحلیل کی۔
صدر مملکت کے دستخط ہوتے ہی قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ تحلیل کر دی گئی تاہم نگراں وزیر اعظم کے تقرر تک وزیر اعظم شہباز شریف عہدے پر برقرار رہیں گے۔