اپوزیشن لیڈرراجہ ریاض کے پاس نگران وزیراعظم کیلئے کوئی بھی نام موجود نہیں،حامد میر کا دعویٰ

اسلام آباد (نئی دنیا )وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان نگران وزیراعظم پر مشاورت کیلئے ہونے والی ملاقات بے نتیجہ رہی تاہم آج مذاکرات کا دوسرا دو ر شیڈول ہے لیکن ابھی تک کوئی حتمی نام سامنے نہیں آ سکا ہے ، اس حوالے سے سینئر صحافی حامد میر کا کہناہے کہ راجہ ریاض کے پاس نگران وزیراعظم کیلئے کوئی بھی نام موجود نہیں ہے ۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں سینئر صحافی جاوید چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں چھوٹی سی اپوزیشن ہے ، ایک اپوزیشن ممبر نے راجہ ریاض سے پوچھا کہ آپ اپوزیشن لیڈر ہیں تو آپ نے نگران وزیراعظم کیلئے کسی نام پر مشاورت نہیں کی ، کیا آپ نے نام نہیں دینے ؟ تو اگر نام دینے ہیں تو ہم سے مشاورت کریں، راجہ ریاض نے کہا کہ ابھی چھوڑیں اس کو میری کل ملاقات ہے وزیراعظم سے ۔
حامد میر نے بتایا کہ اپوزیشن ممبر نے پوچھا کہ چلیں ٹھیک ہے ،آپ کے پا س کوئی نام نہیں ہے تو کیا وزیراعظم کے پاس بھی کوئی نام ہے ؟۔ سینئر صحافی کا کہناتھا کہ یہ سمجھے کی بات ہے کہ قومی اسمبلی کے کچھ اراکان کا یہ خیال ہے کہ نگران وزیراعظم کا نام نہ شہبازشریف کے پاس ہے اور نہ ہی راجہ ریاض کے پاس ہے ،نام کہیں اور سے آناہے ، یہ روایت ہے پاکستان میں ، ایک دوسرے سے پوچھ کر ہم ایک دوسرے کو تسلیاں دے رہے ہیں، لیکن ظاہری بات ہے فیصلہ کہیں اور ہونا ہے ، انہوں نے فیصلہ کر لیا ہو گا کہ نگران وزیراعظم کون ہو گا ؟ کل پرسوں تک آپ کو پتا چل جائے گا ۔
سینئر صحافی جاوید چوہدری نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کی طرف سے جلیل عباس جیلانی کا نام آیا ہے ، وہیں سے لیک ہواہے کہ ہم نے نوازشریف کے سامنے یہ نام رکھا تھا اور کہا تھا کہ آپ انہیں بنا دیں یا پھر تصدق حسین جیلانی کو بنا دیں، نوازشریف نے اعتراض کوئی نہیں کیا لیکن معلوم نہیں کہ انہوں نے قبول بھی کیا ہے یا نہیں ۔
حامد میرنے کہا کہ پیپلز پارٹی کا حق ہے لیکن آئینی لحاظ سے دیکھا جائے تو صلاح مشورہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونا ہے ، پیپلز پارٹی اتحادی جماعت ہے اور دیگر اتحادی جماعتیں ، وہ ایک نام وزیراعظم کو دے سکتے ہیں کہ ہماری طرف سے یہ ایک نام ہے آپ اس پر بھی غور کر لیں ،لیکن مشاورت آئینی لحاظ سے اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان ہونی ہے،، بہت سے اپوزیشن کے ممبرز کا خیال ہے کہ ابھی تک راجہ ریاض کے پاس کوئی نام نہیں ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں