پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے بڑے نام دہشتگردوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے مقدمہ میں بری

کراچی (نئی دنیا) ڈاکٹر عاصم کے ہسپتال میں دہشتگردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنےکا کیس 8 سال زیر سماعت رہنے کے بعد واپس لے لیا گیا جس پر تمام ملزمان بری ہوگئے۔کراچی کی اے ٹی سی نے مقدمہ واپس لینےکی محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم سمیت 6 ملزمان کے خلاف کیس واپس لینے پر خارج کردیا،کیس میں نامزد دیگر ملزمان میں قادر پٹیل، وسیم اختر، انیس قائم خانی، رؤف صدیقی اور عثمان معظم شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔

یادرہےکہ کیس میں استغاثہ کے بیانات مکمل ہوچکے تھے اب کیس میں صرف ملزمان کے بیانات قلمبند ہونا باقی تھے تاہم محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے فروری 2023 میں درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ملزمان کے خلاف ایسے شواہد موجود نہیں کہ انہیں سزا ہوسکے، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کے خلاف کیس واپس لینے کی منظوری دی جائے جس کے بعد عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کےکیس واپس لینےکی درخواست منظور کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں