لاہور (نئی دنیا) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر گستاخ نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ملعون سلمان رشدی کے وکیل کو اپنی وکالت کیلئے مقرر کرنے کے الزام پر تحریک انصاف نے عطاء تارڑ کو جواب دیتے ہوئے تردید کر دی۔
نجی نیوز چینل کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ہماری پارٹی ایک غیر ملکی قانونی کمپنی سے متعلق گمراہ کن اطلاعات کی تردید کرتی ہے اور نہ ہی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ایسے کسی اقدام کی حمایت حاصل ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پاکستان میں نظام انصاف سے ہی منصفی کا تقاضا کرتی اور ملک میں آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کی حامی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ناپاک جسارت کرنیوالے بدنام زمانہ سلمان رشدی کی وکالت کرنیوالے وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں۔