مظاہرین کا سری لنکن صدارتی محل پر دھاوا، مظاہرین کو روکنے کی بجائے پیانوبجانے میں مصروف اہلکار ملازمت سے برطرف

کولمبو(نئی دنیا) گزشتہ سال سری لنکا کے صدارتی محل پر دھاوا بولنے والے مظاہرین کو روکنے کی بجائے ان کی تفریح طبع کے لیے پیانو بجانے والے پولیس کانسٹیبل کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق کانسٹیبل آر ایم ڈی دیارانتے کو پولیس کی دیگر نفری کے ساتھ صدارتی محل کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا تھا تاہم وہ مظاہرین کے لیے پیانو بجاتا اور گیت گاتا رہا۔
جب دیارانتے پیانو بجا رہا تھا، اس وقت مظاہرین صدارتی محل کو نذرآتش کر رہے تھے اور عمارت سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے۔اس کے پیانو کی دھن پر گیت گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر اس کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا اور اب اسے نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے سری لنکن نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جب روم جل رہا تھا، نیرو بیٹھا چین سے بانسری بجا رہا تھا۔ یہ کانسٹیبل ہماری پولیس فورس کا ’نیرو‘ تھا۔ جب لوگ صدارتی محل کو جلا رہے تھے، یہ بیٹھا پیانو بجا رہا تھا۔ ‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ سال صدارتی محل پر مظاہرین کے دھاوے کے سبب سری لنکن صدر کو ملک سے فرار ہونا پڑ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں