لندن(نئی دنیا ) بالآخر 9سال بعدماہرین نے ملائیشین ایئرلائن کی لاپتہ ہونے والی پرواز ایم ایچ 370کا سراغ لگانے کا دعویٰ کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ طیارہ 8مارچ 2014ء کو ملائیشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم اڑان بھرنے کے 39منٹ بعد ہی اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے ختم ہو گیا اور آج تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا کہ اسے زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔
اس بوئنگ 777کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ آبنائے ملاکا میں واقع فوکیت نامی جزیرے کے قریب ٹوٹا جس پر طیارے کے سمندر میں گر کر تباہ ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ طیارے میں 239مسافر سوار تھے۔ نئی 229صفحات پر مبنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماہرین اس طیارے کی لوکیشن معلوم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کا ملبہ ممکنہ طور پر آسٹریلوی شہر پرتھ کے مغرب میں 1ہزار 560کلومیٹر دور سمندر کی تہہ میں 4ہزار میٹر کی گہرائی میں ہو سکتا ہے۔طیارے کی تلاش کرنے والی ٹیم کے رکن ڈاکٹر ہینیس کوتزی نے بتایا ہے کہ طیارے کی اس ممکنہ لوکیشن کا اندازہ ’ویک سگنل پروپیگیشن رپورٹر‘(Weak Signal Propagation Reporter)نامی ٹیکنالوجی کے ذریعے لگایا گیا ہے۔