آسٹریا(حمیدچوہدری ) آسٹریا شدید برف باری کی وجہ سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور مختلف شہروں میں 2 پلس سے منفی 10 سینٹی گریڈ تک چل رہا ہے،کاروباری زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ آسٹرین محکمہ موسمیات کی جانب سے آسٹریا بھر کے مختلف صوبوں سالزبرگ اوبر آسٹریا ،اسٹائر مارک، نیدر آسٹریا اور وفاقی دارالحکومت ویانا میں ریڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔اپر آسٹرین اسٹیٹ فائر بریگیڈ کمانڈ (LFK)نیدر مائر نے اے پی اے کو انٹرویو دیتے ہوئے عوام کو کہا کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور خصوصی طور پر کار وغیرہ کے سفر سے گریز کریں اور ہنگامی حالات اور موسم کی خرابی کی وجہ سے ہم کافی دباؤ میں ہیں اور تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پوری مشینری حرکت میں ہے۔ملک بھر میں برفباری سے درخت گرنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے جس سے بجلی نہ ہونے پر امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں 26000 ہزار گھرانوں کی بجلی ہفتہ صبح 10 بجے سے بند ہے اور بجلی بحالی پر کام جاری ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت ویانا کے ائرپورٹ پرہفتہ کی صبح سے کئی پروازوں کو معطل کردیا گیا ۔ سردی کی شدید لہر کچھ دن جاری رہے گی ۔