لالہ موسیٰ (محمد کامران سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان کے خلاف مقدمات درج، گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، متعدد پر 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتائیں. انہوں نے بتایا کہ ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں ٹیموں کو پرائس چیکنگ کی ہدایت کی گئی تھی، اس دوران تینوں تحصیلوں میں درجنوں دکانوں اور مارکیٹوں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں اور ریٹ لسٹیں چیک کی گئیں جبکہ اوور چارجنگ کرنے، نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی گئی اور مقدمات کیساتھ ان پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے. دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پرائس چیکنگ تیز کر دی جائے، خصوصاً ذخیرہ اندوزں پر کڑی نظر رکھی جائے.