دنیا کی تاریخ میں پہلی بار اس سال2024 میں دنیا بھر سے2 ارب لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ گویا اس سال دنیا بھر میں موجود انسانی آبادی کا ہر چوتھا رجسٹرڈ ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کرے گا۔ اس سال تمام براعظموں سے 50سے زائد ممالک الیکشن کے عمل سے گزریں گے جن میں پاکستان، امریکہ، روس، بھارت ، یورپی یونین کے بہت سے ممالک، میکسیکو، جنوبی افریقہ ، تائیوان، انڈونیشیا اور ایران سمیت کئی ممالک شامل ہیں حتیٰ کہ شمالی کوریا کے لوگ بھی الیکشن کے عمل سے گزریں گے جہاں ان کے سامنے بیلٹ پیپرز پر صدارت کیلئے صرف ایک ہی امیدوار ہوگا۔ برطانیہ میں ویسے تو جنوری 2025میں الیکشن شیڈول آنا ہے لیکن توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ وزیراعظم رشی سوناک اسی سال کے آغاز پر ہی الیکشن کا اعلان کر سکتے ہیں، اسی طرح یورپین یونین میں اس سال 6جون سے لے کر9جون تک یورپین پارلیمنٹ کے انتخابات ہوں گے جس میں 27ممبر ممالک سے 400ملین سے زائد لوگ ووٹ ڈالیں گے۔
اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کئی ممالک میں حکام نے اگر حقیقی جمہوریت کے بنیادی اصول غیر جانبداری کا مظاہرہ نہ کیا تو ان ممالک میں استحکام کی بجائے انتشار میں اضافہ ہوگا۔