فرانس سے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ جانے والے 5تارکین وطن سردی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سخت سردی میں شمالی فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کے دوران 5 تارکین وطن ہلاک جبکہ چھٹے کی حالت نازک ہے اور 30سے زائد افراد کو بچا لیا گیا،2024 میں انگلش چینل عبور کرنے والے تارکین وطن کی پہلی اموات رپورٹ ہوئی ہیں،
میری ٹائم حکام کے مطابق2023 میں 12تارکین وطن چینل کو عبور کرنے کی کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، گزشتہ سال تقریباً 30ہزار تارکین وطن نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے مین لینڈ یورپ سے انگلش چینل کے ذریعے برطانیہ کا رخ کیا۔فرانسیسی میری ٹائم اتھارٹی نے کہا کہ ایک فرانسیسی بحری جہاز بچاو کیلئے گیا اور پانی میں بے ہوش اور بے جان لوگوں کو دیکھا، اس وقت پانی کا درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، زندہ بچ جانے والوں کو کیلیس میں ایک پناہ گاہ میں لے جایا گیا۔
میری ٹائم حکام کے مطابق 30 سے زیادہ افراد کو بچا لیا گیا لیکن ایک شخص نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تقریبا 70 تارکین وطن کو صبح تین بجے کے قریب لایا گیا جن میں چھوٹے بچوں سمیت پورے خاندان تھے۔