kpkschoo

اسموگ: لاہور میں ایک ہفتے کے لیے اسکولز کی چھٹی کا اعلان

پنجاب حکومت نے اسموگ پر قابو پانے کے لئے ایک ہفتے کے لیے پرائمری کلاس تک کے بچوں کے لیے اسکولز کی چھٹی کا اعلان کردیا جبکہ دفاتر میں بھی ورک فرام ہوم کی ہدایت کردی۔

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگلا پورا ہفتہ بھارت سے ہوا کا رخ لاہور کی طرف رہے گا، بھارتی ہوا کو نہ روک سکتے ہیں نہ موڑ سکتے ہیں، واحد حل ڈائیلاگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچویں جماعت تک گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹی دے رہے ہیں ، والدین سے کہوں گی کہ جو بچے اسکول جائیں گے ان کو ماسک پہنچائیں، بزرگ اور بچوں کو ماسک پہنائیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ جائیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پچاس فیصد افراد کو کہنے لگے ہیں کہ ورک فرام ہوم کریں، ایک کلومیٹر گرین ونگ کے اندر چنگ چی کو بین کیا گیا ہے، مصنوعی بارش کو پہلے یو اے ای سے لی تھی لیکن اب مختلف محکموں نے اپنی مصنوعی بارش کی ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے، جیسے ہی مصنوعی بارش کےلیے مناسب موقع ملا تو مصنوعی بارش کریں گے۔

محکمہ ماحولیات نے لاہور کے اسکولز میں ایک ہفتے کی چھٹیاں کا نوٹیفیکشن جاری کردیا جس کے تحت لاہور میں نرسری سے پانچویں جماعت تک اسکولز بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق 4 نومبر سے 9 نومبر تک ہوگا۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کے مطابق لاہور کے تمام نجی و سرکاری اسکولز چھٹیاں دینے کے پابند ہوں گے، چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق فیصلہ 9 نومبر کو ہوگا، چھٹیاں دینے کا فیصلہ فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں