سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد عنقریب اقوام متحدہ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے، بزنس فورم فرانس ، مسلم ہینڈز فرانس اور پاکستان پریس کلب فرانس نے سفیر پاکستان کو کمیونٹی خدمات پر شیلڈز پیش کیں

فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام مشہور ہمالیہ ریستوران میں کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی پیرس کی معروف ہر دل عزیز کاروباری شخصیت راجہ مظہر ذمہ واریہ نے کی ۔ تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران، پیرس کی سیاسی سماجی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

کمیونٹی سے خطاب میں عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ فرانس میں تعیناتی کسی اعزاز سے کم نہیں تھی مدت ملازمت کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کیں ۔ فرانس میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنا اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، کاروباری اور سیاسی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے عملی کاوشیں کی گئیں اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی ، کاروباری معاہدے کئے گئے۔

اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہؤا اور حکومت پاکستان کی کوششوں سے پی آئی اے کی یورپ میں پروازوں کو بحال کیاگیا بہت جلد پیرس میں بھی پی آئی اے کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز ہوجائے گا۔ حکومت کی طرف سے پاکستانیوں کو آسان ویزا سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے۔ سفیر پاکستان نے کہاکہ سفارتخانہ پاکستان کی انتھک محنت اور کوششوں کے بعد پاکستان بھارت کو شکست دے کر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا وائس چیئرمین منتخب ہوا۔بین الاقوامی برادری پاکستان کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے سے بھی دو طرفہ بہترین تعلقات رکھے ، اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے لئے سہولیات مہیا کیں ،

تقریب کے میزبان راجہ مظہر ذمہ واریہ اور سردار ظہور اقبال چیئرمین بزنس فورم فرانس نے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان کی آمد کا شکریہ ادا کیا ، اس خوبصورت تقریب میں کمیونٹی کے نمائیندہ افراد نے شرکت کی ، اور سفیر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات نے سفیر عاصم افتخار احمد کو فرانس میں ان کی مدت ملازمت پوری ہونے اور اقوام متحدہ میں بڑی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ،

پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بہترین تعلقات اور کمیونٹی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کے لئے ان کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ پاکستان فرانس تعلقات میں بہتری ، پاکستان کے لئے خدمات اور پاکستانی کمیونٹی فرانس کے لئے اہم اقدامات کے اعتراف میں پاکستان بزنس فورم فرانس، پاکستان پریس کلب پیرس فرانس اور مسلم ہینڈز انٹرنیشنل فرانس کی جانب سے سفیر پاکستان عاصم افتخار کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں،

تقریب میں سردار ظہور اقبال ، حاجی محمد اسلم چوہدری ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، راجہ علی اصغر ، چوہدری ممتاز پکھووال ، ملک عابد ، چوہدری منیر وڑائچ ، حاجی محمد رفیق ، ڈاکٹر مبشر ملک ، سلطان محمود ، چوہدری نوید الیاس ، عصمت اللہ تارڑ ، عمران چوہدری ، سلمان اسلم و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں