لالہ موسیٰ (محمد کامران)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ بازاروں ناجائز تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا دکاندار فوری طور پر راستے پر لگائے گئے سٹالز ہٹا لیں، راستوں میں رکاوٹ بننے والوں کیخلا ف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہریوں کی شکایات پر مسلم بازار کے دورہ کے موقع پر کیا، میونسپل کارپوریشن گجرات کے افسران و عملہ ان کے ہمراہ تھا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے صدر انجمن تاجراں کے ہمراہ مسلم بازار کا جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر تاجروں کیطرف سے تجاوزات پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار کی حامل ہیں تاہم کاروباری افراد اپنی دکان حدود میں رہ کر اپنا کاروبار کریں اور عام شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مسلم بازار سمیت شہر کے تمام کاورباری علاقوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کر دی جائے گی اور آئندہ تجاوزات کی شکایت پر جرمانہ عائد کرنے کی بجائے ذمہ دار کے خلاف فوجدار ی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔