لالہ موسیٰ (محمد کامران) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزادنے ہدایت کی کہ آئندہ مون سون کے دورا ن ممکنہ سیلاب کی صورت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے اپنی تیاری مکمل رکھیں، شہری علاقوں سے نکاسی آب اور سیلاب کی صورتحا ل میں پانی میں پھنسے افراد کی مدد کے لئے دستیاب مشینری کو فنکشنل ہونا چاہیے، اسسٹنٹ کمشنر ز دریاؤں کے خفاظتی بنداور پشتہ جات کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا، اسسٹنٹ کمشنر سلمان ظفر،ڈی او 1122 عمر اکبر و دیگر ممبرا ن بھی موجو دتھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد نے کہا کہ ضلع گجرات میں موسم برسات کے دوران شہری آبادی سے نکاسی آب کے لئے 32 ڈی واٹرنگ سیٹ، 8 واٹر باؤزراور 19 کشتیاں اور 300 سے زائد لائف جیکٹس دستیاب ہیں، افسران تمام مشینری کی انسپکشن کریں اور یقینی بنایا جائے کہ ایمرجنسی صورت میں استعمال کیلئے تمام آلات قابل استعمال حالت میں ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں اپنے زیر انتظام علاقوں میں خطر ناک عمارتوں کا سروے کریں، ان کے مالکان کو نوٹسز جاری کئے جائیں جو لوگ نوٹسز کے باوجود احکامات پر عملدرآمد نہ کریں ان کی خطر ناک عمارتیں گرا دی جائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں فلڈ ریلیف کیمپ کے قیام کے لئے موزوں بلڈنگز کی نشاندہی کی جائے،لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے پاس مویشیوں کے لئے ونڈا اور وبائی امراض سے بچانے کے لئے ادویات موجود ہونی چاہئے، محکمہ صحت بھی متاثرین کے لئے ضروری مقدار میں ادویات اور ایمرجنسی طبی سہولیات کا انتظام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دریاؤں اور نالوں کا سروے کیا جائے اور پانی کی گزرگاہ میں روکاٹیں یا تجاوزا ت ہوں تو انہیں فوری ختم کریں۔