ضلع میں دس سستے رمضان بازار آج سے فنکشنل ہو جائیں گے:عامر شہزاد

لالہ موسیٰ (محمد کامران )حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع میں دس سستے رمضان بازار آج سے فنکشنل ہو جائیں گے، ڈپٹی کمشنر گجرات کی زیر نگرانی ماہ رمضان المبارک کے دوران ان بازاروں میں شہریوں کو مارکیٹ سے کم قیمت پر، آٹا، چینی کی فراہمی کیساتھ 13دیگر اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی بھی دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد نے رمضان بازاروں کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ظہیر لیاقت، اسسٹنٹ کمشنر گجرا ت سلمان ظفر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عرفا ن اللہ وڑائچ، ڈی ایف سی نصراللہ ندیم بھی موجود تھے جبکہ دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں شاہ جہانگیر روڈ، ماڈل بازار، ریلوے روڈ، ظہور الہی اسٹیڈیم، کنجاہ اور جلالپور جٹاں، تحصیل کھاریاں میں جی ٹی روڈ کھاریاں، جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ اور ڈنگہ جبکہ تحصیل سرائے عالمگیر میں جی ٹی روڈ پر سستے رمضان بازاروں کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سستے رمضان بازاروں میں 10کلو گرام آٹے کا تھیلہ 375روپے، 20کلو گرا م آٹے کا تھیلہ 750روپے میں دستیاب ہوگا، چینی 65روپے کلو فراہم کی جائے گی جبکہ جن اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی ان میں سبزیاں، دالیں وغیر ہ شامل ہیں۔ ا ے ڈی سی ریونیو عامر شہزاد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ ماضی کیطرح اس بار بھی چکن اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہمی کیلئے پولٹری فارمز ایسویسی ایشن سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ سستے رمضان بازاروں میں وافر مقدار میں اور اعلی کوالٹی اشیائے خورد و نوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں