ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او کے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر کےدورے

لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیموں کا ضلع میں کرونا وباء کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف ایکشن، ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے پر 15میرج ہالز، 58دکانیں اور کاروباری مراکز سیل کیے گئے، 23پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں تھانوں میں بند، متعدد پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر کے دورے کئے اور ڈی پی او عمر سلامت کے ہمراہ دوران چیکنگ پبلک مقامات ماسک نہ پہننے والے درجنوں افراد کیخلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر، خالد عباس، احسن ممتاز کی قیادت میں ٹیموں نے ضلع بھر میں 1188دکانو ں اور کاروباری مراکز کی چیکنگ کی اس دوران کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 58دکانیں اور شاپنگ سنٹر سیل کر دیے گئے جبکہ دیگر پر 11لاکھ74ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے اقصی ریاض کی قیادت میں ٹیموں نے 466پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی چیکنگ کی، سنگین خلاف ورزیوں پر 23گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں جبکہ متعدد پر 5لاکھ 22ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، مجموعی طور پر 511میرج ہالز کی انسپکشن کی گئی، کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 15کو سیل جبکہ دیگر پر 17لاکھ62ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسی طرح 60سکولوں کی انسپکشن کی گئی، ایک نجی سکول کی انتظامیہ پر 1لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتھک کاوشوں پر اسسٹنٹ کمشنرز اور انکی ٹیموں کو زبردست سراہا ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ بھی حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں