کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل اپی) کے قائد حافظ محمد سعد رضوی نے کہا ہے کہ تمام کارکنان پر امن طور پر اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خط شیئر کی گیا۔جس پر انہوں نے لکھا کہ حافظ محمد سعد رضوی کی تازہ ترین سٹیمنٹ ہے
اس بیان میں حافظ محمد سعد نے شوریٰ ممبران کے نام پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ میں تمام شوریٰ ممبران اور کارکنان تحریک لبیک یا رسول اللہ سے مخاطب ہوں اور یہ اپیل کرتا ہوں کہ ملکی مفاد اور عوام الناس کی خاطر کوئی غیر قانونی قدم نہ اٹھایا جائے۔
حافظ سعد رضوی نے کہا کہ تمام احتجاجی جلسے اور روڈ بلاک فی الفور ختم کیے جائیں، تمام کارکن پر امن طور پر گھروں کو واپس چلے جائیں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مرکز و مسجد رحمۃ اللعالمین کے باہر بھی احتجاج اور دھرنا فی الفور ختم کر دیا جائے۔