حکومت پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی جائیداد منجمد کرتے ہوئے ان کا نام دہشت گردوں کی فہرست کے شیڈول فورتھ میں شامل کرلیا جب کہ نیکٹا نے بھی ٹی ایل پی کا نام دہشت گرد جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔
کالعدم تحریک لبیک پر پابندیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سربراہ کالعدم تنظیم سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست شیڈول 4 میں شامل کرلیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سعد رضوی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ہے، وہ کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، کسی قسم کی جائیداد کی خرید و فروخت نہیں کرسکیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہوگا، مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت درکار ہوگی، سعد رضوی کو کہاں جانا ہے اور کس سے ملنا ہے اس کی تفصیلات بھی فراہم کرنی ہوں گی۔
دریں اثنا نیکٹا نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔