لالہ موسیٰ(محمد کامران )جی ٹی روڈ کھاریاں پر بسم اللہ چوک کی تزئین وآرائش مکمل کر لی گئی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اپنی نوعیت کے اس منفرد منصوبے کو معذور افراد سے منسوب کیا گیا ہے، سپیشل افراد سے اظہار یکجہتی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے چوک میں تعمیر کئے گئے “مانومنٹ ” پر وہیل چیئر کا ماڈل بنایا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ڈی پی او عمر سلامت کے ہمراہ تزئین و آرائش کے بعد بسم اللہ چوک کا افتتاح کیا، اے سی کھاریاں خالد عباس سیال اور المدثر ٹرسٹ کے چیئرمین سید مدثر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، ڈی پی او عمر سلامت نے بعد ازاں المدثر ٹرسٹ کھاریاں کا بھی دورہ کیا اور وہاں سپیشل طلبہ و طالبات سے ملاقات کی جبکہ ادارے کی انتظامیہ کے ضلعی انتظامیہ کے سربراہ کو سکول میں سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے المدثر ٹرسٹ کی خدمات کو زبردست سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ 500سے زائد سپیشل افراد کو تعلیم و تربیت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے جو دیگر فلاحی اداروں اور معاشرے کے صاحب ثروت افراد کیلئے قابل تقلید ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز کا ایک پینل تشکیل دیا جائے گا جو باقاعدگی سے طے شدہ شیڈول کے مطابق المدثر ٹرسٹ کا دورہ کیا کریگا اور اگر کسی طالب علم کو علاج معالجہ کی ضرورت ہوگی تو اسے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔