ریاض (ڈیسک نیوز) وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع ہے جبکہ 3شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پردستخط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کےدورہ سعودی عرب میں 3شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پردستخط ہوں گے جبکہ دورےمیں قیدیوں سےمتعلق اجلاس ہوگا، جس میں سعودی تعاون سےقیدیوں کی رہائی میں تیزی لائی جائے گی ، جس کے بعد سعودی عرب سے سیکڑوں قیدی رہا ہوکر پاکستان جائیں گے۔
بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سفارتخانےمیں ہیلپ لائن قائم کررہےہیں جو24گھنٹےکام کرےگی، ہیلپ لائن پرکمیونٹی اپنےمسائل بیان کرسکتی ہے ، کمیونٹی اشتراک پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ مسائل سن کرمدد کی جاسکے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران کا 7مئی کوسعودی عرب کے 2روزہ دورےکاامکان ہے ، عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی سعودی عرب جائے گا، دورے کے دوران عمران خان سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں مختلف امورزیرغورآئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ سعودی عرب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہےہیں۔