پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے یہ تاثر غلط ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں۔ جہانگیر ترین

لاہور: جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان انصاف پسند آدمی ہیں، ہمیں ضرور انصاف ملے گا، ہم کوئی فارورڈ بلاک نہیں، پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔

جہانگیر ترین نے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور جوڈیشل کیمپلیس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 مئی تک ضمانت میں توسیع ہوگئی ہے، ایف آئی اے کو مکمل منی ٹریل دے دی ہے، میرے گروپ کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے، پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانتوں میں 31 مئی تک توسیع کر دی گئی۔

شوگر سکینڈل اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے کے بعد جہانگیر ترین اپنے ہم خیال گروپ کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ہر صورت تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا اگر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

ادھر بنکنگ عدالت نے بھی جہانگیر ترین سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 31 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین بھی عدالت پہنچے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں