لالہ موسیٰ (محمد کامران ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کا منگوال کے علاقہ میں چھاپہ، فلور و رائس ملز کے مشترکہ گودام سے غیر قانونی طورپر ذخیرہ کی گئی گندم کی 10 ہزار بوریاں برآمد ، قبضہ میں لی گئی گندم مرکز خریداری منگوال منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی بروقت کامیاب کاروائی پر ٹیم کو شاباش۔ اے ڈی سی آر عامر شہزاد کنگ نے خفیہ اطلاع ملنے پر منگوال میں اعظم فلور ملز و حماد رائس ملزکے گودام کی اچانک چیکنگ کی جہاں رواں سال کیلئے جاری باردانہ میں پیک گندم غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی تھی جبکہ اس کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے بڑی لوڈر گاڑیاں بھی موجو د تھیں، فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد کنگ نے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی و نقل و حمل کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔