لالہ موسیٰ(محمد کامران)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو عامر شہزاد کنگ نے کہا ہے کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی ہدایات کے مطابق ضلع میں تمام 17 دیہی مراکز مال فعال کر دیئے گئے ہیں، پٹواریوں کی ترقی اور خالی نشستوں پر بھر تی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ریو نیو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسسٹنٹ کمشنر سلمان ظفر،احسن ممتاز، خالد عباس سیال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو عامر شہزاد کنگ نے کہا ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی زیر نگرانی ریونیو ریکارڈ میں مالکان اراضی کے شناختی کارڈ نمبر کا اندراج شروع کر دیا گیا ہے، اسی طرح مو ضع جات کی سرحدات (باؤنڈری) کا نشان بھی لگایا جائے جبکہ جمع بندیوں کو بھی مرتب کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ضلع میں گندم خریدار ی مہم تیز ی سے جاری ہے اب تک خریدار ی کا 85 فیصد ہدف حاصل کیا جاچکا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کاروائی جاری ہے اس سے قبل ریونیو افسران نے مختلف مدات میں ریکوری کے حوالے سے بریفنگ دی۔