کابل (نئی دنیا نیوز)افغان طالبان کی پیش قدمی جاری ہے اور اب تک پانچ روز میں 8 صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کر چکے ہیں اور افغان فورسز کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑاہے ، خبریں آ رہی ہیں کہ صدر اشرف غنی نے آرمی چیف کو تبدیل کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی پیش قدمی کو نہ روک پانے پر افغان چیف آف سٹاف عبدالوالی احمد زئی کو عہدے سے برطرف کرتے ہوئے جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف تعینات کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ مقامی عہدیداروں کے مطابق طالبان نے دارالحکومت کابل سے 140 میل دور شمال میں اہم افغان شہر پل خمری پر قبضہ حاصل کرلیا ہے جس سے طالبان کو دار الحکومت کابل کو شمال اور مغرب سے ملانے والے اسٹریٹیجک روڈ جنکشن کا کنٹرول مل گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان 5 روز کے دوران 8 صوبائی دارالحکومتوں پرقبضہ کرچکے ہیں۔ اس سے پہلے فاراہ، ایبک، قندوز، سرِپل، تالقان، شبرغان ، زَرنج بھی طالبان کے زیر قبضہ آچکے ہیں جب کہ طالبان صوبے بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد میں بھی داخل ہو گئے ہیں۔