لندن : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کے بیٹے جنید صفدر کا عائشہ سیف الرحمان کے ساتھ 22 اگست کو نکاح ہو رہا ہے۔ ان کی جانب سے شیئر کیے گئے کارڈ کے مطابق یہ تقریب لندن کے ہائیڈ پارک میں واقع لینس بورو ہوٹل میں شام 6 بجے منعقد ہو گی۔
یہ تقریب جس ہوٹل میں ہو رہی ہے وہ 2015 میں ٹیلی گراف کی جانب سے لندن کا مہنگا ترین ہوٹل قرار دیا گیا ہے۔ یہ ہوٹل اب بھی لندن کے مہنگے ہوٹلوں میں شمار ہوتا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق اس ہوٹل میں فی کس مہمان کی دعوت کے 1350 پاؤنڈ یعنی 3 لاکھ روپے پاکستانی لیے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس پُرتعیش اور مہنگے ترین فائیو سٹار ہوٹل میں ہونے والی تقریب پر کروڑوں روپے لاگت آئے گی۔ یہ ہوٹل سن1719 میں بنا جو کہ ابھی تک موجود ہے۔ دی لینز بورو ہوٹل ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے۔
اس ہوٹل میں باربرا والٹرز، میڈونا، جارج بش سینئر، چیر، آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر سٹالون، جونی ڈیپ، مائیکل بولٹن، ماریہ کیری اور پامیلا اینڈرسن سمیت کئی شوبز اور معروف شخصیات قیام کرچکی ہیں۔
مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی اس تقریب میں پکوان کیسے ہوں گے اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتایا گیا کہ کیا یہاں دیسی پکوانوں سے تواضع کی جائے گی یا انگریزی کھانے کھلائے جائیں گے۔ تاہم اس ہوٹل میں میشلین سٹار ریسٹورنٹ کی سہولت موجود ہے جو کہ اپنے میٹھے پکوانوں کیلئے بہت شہرت رکھتا ہے۔