جہلم (محمداسماعیل چوہدری) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شاکر حسین داوڑ کے احکامات کی روشنی میں سرقہ موٹر سائیکل/نقب زنی کے زیر تفتیش مقدمات کو یکسو کرنے کے لیے محمد ابراہیم DSP سٹی سرکل کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے شب و روز محنت کر کے موٹر سائیکل چوری اور نقب زنی کے 12 زیر تفتیش مقدمات میں 100 فیصد ریکوری عمل میں لاکر کل 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سب انسپکٹر محمد عمران SHO تھانہ سٹی کی سربراہی میں سب انسپکٹرتصور حسین اور ان کی ٹیم نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے سرقہ موٹر سائیکل کے زیر تفتیش 9 مقدمات، نقب زنی کے 2 مقدمات جبکہ تھانہ سول لائن میں زیر تفتیش نقب زنی کے 1 مقدمہ کو ٹریس کرتے ہوئے برآمدگی مال مسروقہ کو یقینی بنایا۔
گرفتار ملزمان میں 1۔عبدالرحمٰن عرف سونو ساکن ضلع شکر گڑھ 2۔محمد عاقب ساکن ضلع سیالکوٹ 3۔سوداگر علی ساکن ضلع شکر گڑھ 4۔مرزا سلیمان ساکن ضلع گجرات شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 9 عدد موٹر سائیکل مالیتی تقریبا 7 لاکھ روپے اور مسروقہ گھریلو سامان مالیتی تقریبا 10 لاکھ روپے برآمد کر لیا جبکہ ملزمان کے انکشاف پر گینگ کے 2 ارکان کی تلاش جاری ہے۔
ملزمان نے تھانہ سٹی جہلم کے علاوہ دیگر تھانوں اور اضلاع میں بھی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ملزمان سے مزید اہم انکشافات کا امکان ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجہلم کی کاوشوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی جانب سے ڈی ایس پی سٹی سرکل، ایس ایچ او تھانہ سٹی، تفتیشی افسران اور ان کی ٹیم کو شاباش، تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔