اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے تمام مطالبات درست ہیں لیکن فرانس کے سفارتخانے پر حکومت اور فوج کو تحفظات ہیں، اگر فرانس کا سفارتخانہ بند کرتے ہیں تو پوری دنیا سے ہمارے اوپر بہت زیادہ پریشر آئے گا اور ہم پر پابندیاں لگ جائیں گی، ہم کسی سفارتخانے کو بند کرنے یا کسی سفیر کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے کالعدم تنظیم کے ساتھ میٹنگز کی رپورٹ طلب کی، اس میٹنگ میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی ایم او، چیف سیکرٹریز سمیت دیگر موجود تھے۔ کالعدم تنظیم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ راستے کھول دیں گے ، ان کا مجموعی طور پر یہ چھٹا دھرنا ہے، ان کے ساتھ آج رات 12 بجے تک راستے کھولنے کا طے پایا تھا، وہ رات کو آٹھ بجے کالعدم تنظیم سے رابطہ کرکے اپ ڈیٹ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کے علاوہ ہمیں کوئی تحفظات نہیں ہیں، ہم اپنی باتوں پر قائم ہیں، ہمارے اوپر پابندیاں لگانے کیلئے دنیا میں سازشیں ہو رہی ہیں، سارے یورپی ممالک فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں، ایک سفارتخانے کے خاتمے کا مطلب یہ ہوگا کہ یورپ کے تمام سفارتخانے بند ہوجائیں۔اس مسئلے پر عمران خان کی حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، اس پیج پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ فرانس کے سفارتخانے کو بند نہیں کیا جاسکتا، اس قوم کی مجبوریاں ہیں، ہم ایسی کوئی بد امنی نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی سالمیت پر اور مسلمانوں کی معیشت پر خوفناک اثر پڑے۔