لزبن +جنیوا(نمائندہ نئی دنیا) اوورسیز پاکستانیوں کو وطن عزیز میں تحفظ عزت و احترام سے دیا جائے تو آئی ایم ایف کے قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی. پاکستانی تارکین وطن ہر ماہ اڑھائی بلین ڈالرز کا زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں جبکہ
آئی ایم ایف کڑی شرائط پر پاکستان کو اڑھائی بلین قرض دیتی ہے ان خیالات کا اظہار
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے سمندر پار پاکستانی صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس(IAPJ) کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں 35 ممالک میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی. انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے وسیم چودھری، شاھد چوہان ، خرم شہزاد، مہوش ظفر نے اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کیا اور تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کئے جبکہ ضیاء سید، وسیم بٹ، احسان اللہ خان، عقیل قادر، عظیم ڈار، مرزا جاوید اقبال نے بھی تنظیمی امور پر اظہارِ خیال کیا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے پاکستانی نان ریذیڈنٹ تنظیم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی تنظیم کا اعلان کیا جائے گا اور تمام سرکاری محکمہ جات سے اس کو منسلک کیا جائے گا تا کہ تارکین وطن کے مسائل حل ہوں،
اوورسیز پاکستانی جرنلسٹس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ دیارغیر میں وطن کے سفیر ہیں اور پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کر رہے ہیں. جاپان میں وفات پا جانے والے پاکستانی شہریوں کی میتوں کو جلائے جانے کے واقعے کی نشاندہی پر گورنر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے واقعہ کی تحقیقات کروانے کی یقین دہانی کرائی.گورنر نے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام اوورسیز پاکستانیوں کے لئے گورنر ہاوس لاہور کے دروازے کھلے ہیں. گورنر نے بتایا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے کے لئے انہوں نے تمام تر مخالفت کے باوجود یوکے اینڈ یورپ میں بہتر لابنگ کی کیونکہ 665 ممبران یورپین پارلیمنٹ نے پاکستان کی مخالفت میں ووٹ دئے لیکن میری کوششوں اور بہترین لابنگ سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملا ہے آئندہ پاکستان کو دس سال کے لئے جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہوگی کیونکہ یورپی یونین پاکستان کے اندر انسانی حقوق، لیبر اینڈ ٹریڈ یونینز کے حقوق، ملکی نظام عدل و انصاف، مینارٹی کے حقوق کے حوالے سے مطمئن نہیں، گورنر نے اوورسیز پاکستانیوں اور صحافیوں کو انکی خدمات کے اعتراف میں گورنر ایوارڈز دینے کا اعلان کیا اس سے قبل پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی کے ساتھ وسیم بٹ نے کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری مہوش ظفر نے ادا کیے۔ برطانیہ سے ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم چوہدری، ساؤتھ افریکہ سے تنظیم کے صدر شاہد چوہان اور واشنگٹن سے سینئر نائب صدر خرم شہزاد نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے تنظیمی ڈھانچے اور تنظیم کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت کی ہے۔ لہذا انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے نہ صرف سراہا جاۓ بلکہ صحافی برادری کے تخفظ کےلیے کلیدی اقدام اٹھاۓ جائیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ انہیں یقین دلایا کہ وہ صحافی برادری کے حقوق کا خیال رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے کسی بھی نشاندہی پر نہ صرف کام کریں گے بلکہ ہمیں ملکر پاکستان کے درخشاں مستقبل کی خاطر نمایاں کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انھوں نے تنظیم کے ممبران کو گورنر ہاؤس اور صدر پاکستان کے ساتھ وفد کی صورت میں ملنے کی دعوت بھی دی۔ اور کہا کہ آپ اپنی تنظیم سے تین چار ممبران کو ہمارے گروپ میں بھی شامل کریں جو ہمیں اوورسیز کے مسائل کی نشاندہی اور انکے حل سے متعلق آگاہی دیں۔ اجلاس میں ضیاء سید، وسیم چوہدری۔مہوش خان۔شاہد چوہان۔عقیل قادر۔رانا عظیم۔حافظ عمران۔عرفان صدیقی۔شاہد گھمن۔امتنان کاکاخیل۔محمد عرفان شفیق۔مقدس مجید۔خالد چوہدری۔فرید انصاری۔وقار خان۔اکرم باجوہ۔وسیم بٹ۔الیاس رحیم۔اجمل حسین۔جواد عظیمی۔کرن خان۔ریاض بلوچ۔ احسان اللہ خان، مرزا جاوید اقبال، عظیم ڈار نے شرکت کی۔ اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ تعارفی نشست کے دوران اوورسیز کمیونٹی کی سرگرمیوں اور مسائل پر مبنی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔