پیرس : جموں وکشمیر فورم فرانس نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔

فرانس (حمید چوہدری سے) دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری 26جنوری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے  طور پر مناتے ہیں، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی جموں و کشمیر فورم فرانس نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے ایک تقریب کا انعقاد کیا

میزبان تقریب چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس نعیم چوہدری تھے،اس موقع پر چیرمین نعیم چوہدری ،صدر مرزا خالق جرال سئنیر نائب صدر نوید غوث ،جنرل سیکڑی راشد جرال اور انکے ساتھیوں نے آنیوالے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا

،اس موقع پر چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس نعیم چوہدری کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بے گناہ کشمیریوں کی زیر حراست ہلاکتوں اور مسلسل مظالم کی طرف دنیا کی توجہ دلانا ہے ،

صدر جموں وکشمیر فورم فرانس مرزا اخلاق جرال نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ قبضے کی طرف دلانا ہے ،

بانی پاکستان پریس کلب (رجسٹرڈ) فرانس صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرکو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا۔75سال سے کشمیری حق خودارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں، لاکھوں بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کی خواہشات کچلنے کے لیے تعینات کیا گیا،

صدر پاکستان تحریک انصاف فرانس ملک عابد نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا دعویدار بھارت میں سرعام جمہوری اقدار کی پامالی کرتے ہوئے سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کے حقوق کو سرعام غصب کررہا ہے بلکہ نیچ ذات کے ہندو بھی استحصالی طبقہ کی چیرہ دستیوں سے کسی بھی طرح محفوظ نہیں ہیں۔

سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فرانس چوہدری ماجد چیمہ نے کہا کہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارت کو سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ،مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں۔دنیا کے تمام امن پسند ملکوں کو بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہو گا،

چیئرمین ہیومین رائٹس فرانس چوہدری صفدر برنالی نے کہا ہے کہ بھارت کا یوم آزادی ہو یا یوم جمہوریت یا پھر کوئی اور خوشی کا دن.کشمیری عوام کے لیے بھارت کا ہر ایک خوشی و شادمانی کا قومی دن یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔اور کیوں نہ ہوکہ جب کوئی قوم یا کوئی ملک نا جائز تسلط جما کر دوسری قوم یا ریاست کے عوام کو محکومی کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دے تو محکوم قوم کے مظلوم افراد ظالم کے خلاف سینہ سپر نہ ہوں،احتجاج نہ کریں تو پھر کیا کریں؟

چئیرمین پاکستان مسلم لیگ(ن) فرانس راجہ علی اصغر نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارتی حکومت نے کشمیر پر اپنا غیر قانونی اور نا جائز تسلط قائم کر رکھا ہے جبکہ غیر قانونی طور پر کشمیریوں کی سر زمین میں اپنی فوجیں داخل کر کے مارشل لاء نافذ کر کے بندوق کے زور پر جمہوریت کو پروان چڑھانے کی لاحاصل کو شش کی جا رہی ہے۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ(ن) سردار ظہور احمد نے کہا ہے کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیری قوم کا احتجاج اس امر کا مظہر ہے کہ بھارت میں نہ تو حقیقی جمہوریت رائج ہے اور نہ ہی وہاں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں،

جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) شیخ وسیم اکرم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر چھائی ہوئی ظلم کی سیاہ رات بھی ان شا اللہ جلد ہی ختم ہو گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ ان شا اللہ ! وہ دن ضرور طلوع ہوگا کہ جب جموں و کشمیر کے عوام اپنا یوم آزادی کسی خوف کے بغیر منائیں گے،

سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف فرانس چوہدری اشفاق جٹ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر جاری ظلم وستم کا بازار دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے، ہم سب کو مل کر مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر مظالم کو رکوانے کے لئے اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔


اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض جنرل سیکرٹری جموں وکشمیر فورم فرانس راشد رضا جرال نے ادا کئے ،اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر اور شہد ائےکشمیر کے لئےدُعا بھی مانگی گئی۔یوم سیاہ کی تقریب فرانس آزاد کشمیر اور پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں