وزیراعظم شہباز شریف کو کابینہ سمیت عہدوں سے ہٹانے کے لیے پی ٹی آئی کا لاہورہائی کورٹ سے رجوع

لاہور(نئی دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدوں سے ہٹانے کے لیے پی ٹی آئی نے لاہورہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔نجی نیوزچینل کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں عندلیب عباس اور حسان نیازی کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین کی خلاف ورزی کا مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔

اس درخواست میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے وفاقی حکومت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، وزیرداخلہ، وزیرخارجہ اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 28اپریل 2022ء کو وزیراعظم تین دن کے سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے اور اس سرکاری وفد میں اپنے بیٹے سلیمان شہباز اور بھتیجے حسین نواز کو سرکاری وفد کا حصہ بنایا جو کہ ریاست کے مطلوب، مفرور اور اشتہاری ملزمان ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 11مئی 2022کو وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے وزراء 4دن کے لیے لندن گئے اور وہاں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں جو ریاست کو مطلوب اور مفرور ملزمان ہیں اور اسحاق ڈار پر قومی احتساب بیورو(نیب)نے بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ 31مئی 2022ء کو وزیراعظم ایک وفد کے ہمراہ ترکی گئے اور اس وفد میں بھی انہوں نے اپنے بیٹے سلیمان شہباز اور ان کی زوجہ کو سرکاری وفد میں شامل کرکے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔خودشہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیسز زیرسماعت ہیں۔ لہٰذا اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین کی اس خلاف ورزی پر شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور عدالت ملک میں نگران وزیراعظم تعینات کرنے کا حکم جاری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں