آرمی چیف کا کام نہیں کہ امریکہ کو کہے کہ ہمیں آئی ایم ایف سے قرض دلاؤ ،عمران خان

اسلام آباد (نئی دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ آرمی چیف کا کام نہیں کہ امریکہ کو کہے کہ ہمیں آئی ایم ایف سے قرض دلاؤ۔

نجی نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معیشت تنزلی کی طرف جا رہی ہے، مفتاح اسماعیل کے بیانات دیکھیں تو پتا چلتا ہے کہ ان کی کوئی پالیسی ہی نہیں ہے ، جو حکومت بیٹھی ہے اس پر کسی کو اعتبار ہی نہیں ہے، آرمی چیف نے ذمہ داری لی کہ میں بات کرتا ہوں، اگر جنرل باجوہ امریکیوں کو فون کر رہے ہیں کہ ہماری مدد کرو، اس کا مطلب ہے کہ ہم کمزور ہوتے جا رہے ہیں، یہ آرمی چیف کا تو کام نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ جب ہماری مدد کرے گا تو کیا ہم سے کوئی مطالبہ نہیں کرے گا؟ اگر امریکہ مدد کرے گا تو اس کا اس قسم کا مطالبہ آئے گا جس سے ملک کی سیکیورٹی کمزور ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ آرمی چیف نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور کہا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کے لیے تقریباً 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کیلئے دباؤ ڈالے۔ اس خبر کی حکومت، آئی ایس پی آر یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں