شہباز گل کی گرفتاری، عمران خان نے پی ٹی آئی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد(نئی دنیا) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔چیئرمین تحریک انصاف کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں، اغوا کیا گیا۔ کیا کسی بھی جمہوری ملک میں ایسا شرمناک اقدام ہو سکتا ہے؟


سیاسی کارکنوں کیساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا گیا، یہ سب کچھ غیرملکی مدد سے قائم حکومت کو تسلیم کرانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریوں کے خدشے کے پیش نظر تمام رہنماوں کو الرٹ جاری کر دیا۔ عمران خان نے اہم پارٹی رہنما کی گرفتاری پر مشاورت کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں حکومتی کارروائی کے خلاف ممکنہ طور پر عدالتی کارروائی پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام کے تحت مقدمہ در ج کیا گیا ہے ، بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 131 اور 138 کے تحت درج ہوتا ہے، اس مقدمے کے لیے وفاقی حکومت کی منظوری لازم ہے ،وزارت داخلہ کسی بھی فرد کو مقدمہ اندارج کا اختیار دے سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں